کراچی : پی آئی اے کے فلائٹ کچن میں زائد المیعاد کیمیکلز کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ کیمیکل کھانے کے برتنوں کے علاوہ فلور اور کیبن ریکس واش کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ29ستمبر کو زائد المیعاد ہونے کے باجود سینی ٹائرز کی ہزاروں بوتلیں بھی خریدی گئیں تھیں، یہ بوتلیں بیرون ملک اور اندرون ملک اسٹیشنز پر ہینڈ واش کے لئے فراہم کی گئیں تھیں۔
زائد المیعاد اس کیمیکل سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں میلا مائن کے برتن بھی دھلتے رہے، یہ کیمییکلز2015میں ایک کروڑ روپے کی مالیت سے خریدے گئے تھے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایک سال کے لئے اسٹاک کی موجودگی کے باوجود یہ مضر صحت کیمیکل خریدا گیا، پسندیدہ کمپنیوں سے خریدے گئے زائد المیعاد کیمیکلز اسٹاک روم ایس آر70میں رکھے گئے ہیں۔
مذکورہ انکشاف کے بعد ائیر لائن کے متعلقہ شعبے نے نمونے تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں ہیں، معاملہ منظر عام آنے پر جی ایم فوڈ سروسز رخصت پر ٹورنٹو روانہ ہو گئے۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ زائد المیعاد کیمیکل زیر استعمال نہیں تھے، ان کو تلف کر دیا جائے گا۔