یوم استحصال پر مسلح افواج کی قیادت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے خصوصی پیغام دییا ہے، مسلح افواج کی قیادت کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جائز اور طویل جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
بھارتی فورسز کی عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، فوجی لاک ڈاؤن اور آبادیاتی حیثیت بدلنے کی غیرقانونی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ ہندوستانی حکومت کے جارحانہ بیانات بھی قابل مذمت ہیں، بھارت کا ریاستی جبر اور انسانی بحرانوں کو ہوا دینا علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہے۔
خطے کا پائیدار امن یو این قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کے حل میں ہے، مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو غیرمعمولی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیاد پر حمایت جاری رکھے گی۔