حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک عمارت میں اس وقت آگ لگ گئی جب بیسمنٹ میں موجود الیکٹرک چارجنگ یونٹ میں ایک بائیک کی بیٹری دھماکے سے پھٹ گئی، اس حادثے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد کے علاقے سکندر آباد میں پیر کی شب دوران چارجنگ ایک الیکٹرک بائیک کی بیٹری میں دھماکے نے تباہی پھیلا دی، دھماکے سے عمارت میں آگ لگنے سے آٹھ افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
رپورٹس کے مطابق عمارت کے بیسمنٹ میں الیکٹرک اسکوٹر کا شو روم تھا، جب کہ اوپر کی 4 منزلوں میں ایک ہوٹل قائم ہے، آگ عمارت کے بیسمنٹ میں الیکٹرک چارجنگ یونٹ سے شروع ہوئی اور پوری عمارت میں پھیل گئی۔
ہلاک شدگان میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جب کہ 7 افراد جھلسنے کے باعث شدید زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں لوگوں نے فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔
Telangana | Six dead after a fire broke out at a hotel in Secunderabad. Fire broke out in electric scooter recharging unit on ground floor, smoke from which overpowered the people staying on 1st & 2nd floors: Hyderabad Commissioner CV Anand pic.twitter.com/35Hbn3GgwW
— ANI (@ANI) September 13, 2022
پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے سبب 25 سے 30 افراد اوپر کی منزلوں میں پھنس گئے تھے، کئی لوگ جان بچانے کے لیے اوپر کی منزل سے نیچے کود گئے۔
واقعے کے بعد علاقے کے وزیر ٹی سری نواس راؤ، اور وزیر داخلہ محمود علی اور حیدر آباد سٹی کمشنر سی وی آنند نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔