اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے برآمدات اور ترسیلات زر میں کمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا سے پہلے معیشت بہتر اور ذخائر میں اضافہ ہو رہا تھا۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ فروری میں مہنگائی میں کمی جبکہ برآمدات میں 3 فیصد اضافہ ہوا،درآمدات 18فیصدکم ،روپیہ مستحکم اور بجٹ خسارہ 2.3 فیصد کم ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ کرونا کے بعد پاکستانی معیشت پر بھی اثرات پڑے،عالمی سطح پر پیداوار اور ایئر ٹرانسپورٹ شدیدمتاثر ہوئیں،وسط فروری سے اب تک اسٹاک مارکیٹ میں 21 فیصد کمی ہوچکی ہے،سرمایہ کاری کا پورٹ فولیو 1.4 ارب کم ہوا۔
عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں 3 فیصد کمی ہوگئی ہے، 2021میں جی ڈی پی کی شرح نمو کم رہے گی،کرونا کی وجہ سے برآمدات اور ترسیلات زر میں کمی ہوئی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران مشیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت نے موجودہ حالات میں 1240 ارب کا ریلیف پیکیج دیا،تعمیراتی صنعت کے لیے بھی پیکج کا اعلان کیا جاچکا ہے،این ڈی ایم اے کو ڈیڑھ ارب دے چکے ہیں، 100ارب روپے کا توانائی فنڈ بنایا گیا ہے۔
عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ صحت اور کھانے پینے کی اشیا پر ٹیکس میں ریلیف دیا گیا، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو 200ارب دیے جا رہے ہیں،پیٹرول پر 70 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا،بجلی اور گیس کے بلوں کی وصولی موخر کر دی، یوٹیلیٹی اسٹورز کو 25ارب جاری کرچکے ہیں۔