کراچی :بھتہ خوری کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانے لگا، بھتہ خور واٹس ایپ پر کال کرکے رقم ڈیجیٹل کرنسی میں طلب کرنے لگے، اب تک متعدد اہم شخصیات سے جدید ٹیکنا لوجی کے ذریعے بھتہ مانگا جا چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھتے کی پرچی پرانی ہوگئی، بھتہ خوری کا نیا طریقہ سامنے آگیا، کراچی میں بھتہ خور وں کے واٹس ایپ پر کال کرکے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی صورت میں بھتہ طلب کئے جانے کا انکشاف ہوا۔
بھتہ خوروں کی جانب سے نئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے متعدد اہم شخصیات سے واٹس ایپ کال کے ذریعے بھتہ مانگا جا چکا ہے، متعلقہ اداروں کےپاس بھتہ خوروں کےخلاف درخواستوں کا ڈھیرلگ گیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق دس سےزائد رکن صوبائی اسمبلی کوبھی کالیں موصول ہوئیں جبکہ دیگر شعبوں کے تعلق رکھنے والے افراد نشانے پر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے میسج کرنے کے بعد واٹس ایپ پر ویڈیو کال سےبات کی جاتی ہے، کراچی اور سندھ اور بلوچستان کی شخصیات کو فون کیےگئے،مختلف شعبوں سےتعلق رکھنے والےافراد کو دھمکیاں ملیں، ہر فون کال کے ساتھ ہی بھتہ خور کا نمبر تبدیل ہوجاتا ہے۔
پاکستان میں ایک بٹ کوائن کی قیمت گیارہ لاکھ بتیس ہزار آٹھ سو پچاس روپےہے اور بھتہ خور بٹ کوائن میں ہی رقم طلب کر رہے ہیں۔
خیال رہے اس سے قبل بھتہ خوروں کی جانب سے لوگوں کو لاکھوں روپے بھتے کی پرچی موصول ہوتی تھی۔