پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

قیامت خیز گرمی، بارشوں اور طوفانوں نے دنیا بھر میں تباہی مچا دی

اشتہار

حیرت انگیز

موسمیاتی تبدیلی نے قیامت خیز گرمی، شدید بارشوں اور طوفانوں کے ذریعے کسی ایک خطے نہیں بلکہ پوری دنیا میں تباہی مچا دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ زمین اور اس پر بسنے والے انسانوں کو قیامت خیز گرمی، شدید بارشوں، سیلاب اور سمندری طوفانوں کی صورت برداشت کرنا پڑ رہا ہے اور یہ آفات کسی ایک خطہ زمین نہیں بلکہ دنیا بھر میں تباہی پھیلا رہی ہیں۔ یہ تباہی اس قدر ہولناک ہوچکی ہے کہ ایک ہی ملک میں کہیں بارش برس رہی ہے تو کہیں آسمان سے گرمی کی صورت آگ برس رہی ہے۔

اس وقت یورپ اور امریکا شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ یونان، کینیڈا اور واشنگٹن کے جنگلات میں لگی آگ خوفناک شکل اختیار کر چکی ہے تو دوسری جانب مشرقی چین میں بھی سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے اور کئی افراد اپنی جان سے جا چکے ہیں۔

- Advertisement -

افغانستان اور بھارت میں بھی طوفانی بارشیں قہر ڈھا رہی ہیں۔ پاکستان میں بھی اس سال بارشوں اور سیلاب سے 131 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

یورپ اور امریکا میں آگ اور برسات کا راج ہے۔ اٹلی اور اسپین میں گرمی کا راج ہے تو کینیڈا میں طوفانی بارشوں نے نشینی علاقوں کو ڈبو دیا ہے۔ شدید موسلا دھار بارشوں کے بعد تاحد نظر سیلاب میں ڈوبا ہوا کینیڈا کا صوبہ نووا اسکوٹیا بھی کسی جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے۔

یونان کے جزیرے روٹس کے جنگلات میں شدید گرمی کے باعث لگی آگ ایک ہفتے بعد بھی بے قابو ہوچکی ہے جس کے باعث 30 ہزار سے زائد افراد شیلٹر ہومز منتقل کیے گئے ہیں۔

اس آتشزدگی کے باعث جانور بھی مرنے لگے جب کہ درجنوں گاڑیاں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ کئی پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔

واشنگٹن کے جنوب میں واقع جنگلات میں گرمی کے سبب آگ بھڑک اٹھی جس کو تیز تیز ہوائیں آگ کو مزید بھڑکا رہی ہیں۔۔۔

چین میں بھی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے صوبے ہینگژو میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ کئی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

بھارت میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہی مچ چکی ہے۔ ہماچل پردیش میں مسافر بس سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے جس میں تین لاشیں نکال لی گئی ہیں دیگر کی تلاش جاری ہے۔ ریاست گجرات میں انتہائی سیلابی صورتحال کا خدشہ اور ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

جونا گڑھ شہر میں بھی منہ زور پانی ہر شے بہا لے گیا ہے اور رہائشی آبادیوں میں کئی کئی فٹ پانی بھرا ہوا ہے جس میں گاڑیاں کشتیوں کی طرح تیرتی نظر آ رہی ہیں۔ بھارت میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

افغانستان میں بھی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث تین روز نے دوران مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق اور سیکنڑوں زخمی ہو گئے ہیں جب کہ متعدد افراد تا حال لاپتا ہیں۔ سیلابی ریلے درجنوں گھر اور مویشی اپنے ساتھ بہا لے گیا ہے۔

پاکستان میں بھی بارشوں نے ملک کے مختلف حصوں میں تباہی مچا دی ہے اور این ڈی ایم اے کے مطابق 25 جون سے اب تک 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں