نیامی: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کا کہنا ہے کہ انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
تفصیلات کے مطابق نائجر کے دارالحکومت نیامی میں جاری او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ختم ہوگیا، سیکریٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف العثیمین نے کہا کہ ہم ہر قسم کی انتہا پسندی، دہشت گردی کو مسترد اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام خواتین کو بااختیار بنانے کے مخالف نہیں، اسلام امن کا درس دیتا ہے، دہشت گرد اسلام کی نمائندگی نہیں کرتے۔
او آئی سی کشمیریوں کی نسل کشی بند کرانے کے لیے مداخلت کرے، مسعود خان
دوسری جانب صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو نسل کشی، ظالمانہ بھارتی نوآبادتی نظام سے بچایا جائے، اسلامی تعاون تنظیم کشمیریوں کی نسل کشی کو بند کرانے کے لیے مداخلت کرے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اسلامو فوبیا، ریاستی دہشت گردی، نوآبادیاتی نظام سے لڑ رہے ہیں، بھارت کشمیریوں کو تباہ کرنے پر تل گیا ہے، کشمیریوں کو آزادی، حق خود ارادیت مانگنے پر قتل کیا جارہا ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں کو شہید، زخمی اور آنکھوں سے محروم کیا جارہا ہے، 20 ہزار کشمیری جیلوں، کیمپوں میں بند ہیں جن کی زندگیاں خطرے میں ہیں، مقبوضہ کشمیر کی ہر گلی کوچے میں موت، تباہی رقص کررہی ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف بڑے پیمانے پر جرائم جاری ہیں، ایک مسلمان ریاست کو جبری طور پر ہندو ریاست میں تبدیل کیا جارہا ہے، آزاد کشمیر میں ہر روز شہری بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں، او آئی سی کشمیریوں کی نسل کشی بند کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔