اتوار کے روز پاکستانی ہائی کمیشن لندن پر حملہ کرنے والے انتہاپسند کی شناخت ہو گئی۔
پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کرنے والا انتہا پسند بھارتی نژاد نکلا۔ بھارت کی دوسرے ممالک میں ماورائے عدالت قتل عام کے بعد سفارتی دہشت گردی بھی سامنے آگئی۔
ترجمان کنگسٹن و چیلسی کی میٹروپولیٹن پولیس نے حملہ آور بھارتی کی شناخت ظاہر کر دی۔ 41 سالہ انکیت لوو پر اتوار کو مجرمانہ نقصان کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ترجمان میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ انکیت لوو کو آج ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، انکیت لوو نے لونڈس اسکوائر میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کھڑکیوں کو توڑا تھا۔
حالیہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستانی کمیونٹی آج بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے والی ہے جس کیلیے ان میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
دو روز قبل ہائی کمیشن کی عمارت کے سامنے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا جس میں پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا تھا۔
گزشتہ روز پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار نے احتجاج کرنے والے بھارتی ہندو انتہا پسندوں کو چائے کا کپ اور ابھینندن کی تصویر دکھا کر لاجواب کر دیا تھا۔