کراچی : عینی شاہد نے صحافی اطہر متین کے قتل کے واقعے کا آنکھوں دیکھا حال بتادیا اور کہا دوسری دفعہ گرنے پر ملزمان نے فائرنگ کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صحافی اطہر متین کے قتل کے واقعے میں عینی شاہد نے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا میں گزر رہا تھا تو سامنے ڈاکو موٹر سائیکل چھین رہے تھے کہ ملزمان کو کسی گاڑی نے پیچھے سے آکر ٹکر ماری۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ملزمان اٹھ کر بھاگنے لگے تو پیچھے سے ایک اورگاڑی نے آکر ٹکر ماری اور دوسری دفعہ گرنے پر ملزمان نے فائرنگ کی۔
عینی شاہد نے ملزمان نے ہوائی فائرنگ بھی کی اور موٹر سائیکل چھین کرکٹی پہاڑی کی طرف فرار ہوگئے۔
یاد رہے اس سے قبل صحافی اطہرمتین کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ، جس میں ملزمان کو باآسانی فرار ہوتے دیکھا جاسکتا تھا۔
سی سی ٹی وی کے مطابق واقعہ صبح 8 بجکر 29 منٹ پر پیش آیا اور ملزم پیدل موٹرسائیکل لے کر بھاگ رہا ہے جبکہ ایک ملزم نے ہیلمٹ اوردوسرے نے کیپ پہن رکھی ہے۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے صحافی اطہرمتین کے قتل کے واقعے کی تفتیش جاری ہے، تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزمان سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیجز سے مدد ملی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ صحافی اطہرمتین کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔