اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر فیس بک کرونا وائرس کی آگاہی میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا، کرونا وائرس کے حوالے سے غلط معلومات کو فیس بک سے ہٹا دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے فیس بک انٹرنیشنل کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں نمائندہ گورنمنٹ اینڈ پبلک ایڈوکیسی جولن ذو اور صارم عزیز شامل تھے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق ملاقات میں کرونا وائرس کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ فیس بک وفد نے کرونا وائرس کے سلسلےمیں آگاہی کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ فیس بک کے تعاون سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی میں مدد ملے گی، پاکستان میں سب سے زیادہ صارفین فیس بک کے پلیٹ فارم پر ہیں۔ پاکستان میں تقریباً 4 کروڑ سے زائد (لگ بھگ 41 ملین) سے زائد افراد فیس بک استعمال کرتے ہیں۔
فیس بک وفد میں شامل جولن زو کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے غلط معلومات کو فیس بک سے ہٹا دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے 19 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق فی الحال پاکستان میں 25 مشتبہ کیسز ہیں اور اس میں اضافے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان میں وائرس ایران، لندن، عراق اور دبئی سے آنے والے مسافروں کی وجہ سے پہنچا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق پاکستان میں اب تک وائرس ایک شخص سے دوسرے میں منتقل نہیں ہوا، تمام مریض ایئرپورٹس کےذریعے ہی پاکستان آئے۔