سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کا ٹویٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوگیا۔
جمعے کے روز فیس بک کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے غیر معمولی ٹویٹ کیا گیا جس میں ہیکر نے لکھا کہ ’ہم اپنا دماغ رکھتے ہیں، آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ فیس بک کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا‘۔
ہیکر نے لکھا کہ ’آخر کار یہ بات ثابت ہوگئی کہ اُن کی سیکیورٹی ٹویٹر سے بہتر ہے‘۔ دوسری جانب فیس بک کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی غیرمعمولی پوسٹنگ کی گئی۔
فیس بک کی جانب سے اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق یا تردید فوری طور پر نہیں کی گئی، ٹویٹر پر شیئر ہونے والے ٹویٹ کو بھی تھوڑی ہی دیر میں حذف کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اوور مائین کے نام سے کام کرنے والے ہیکرز کے گروپ نے فیس بک کا اکاؤنٹ ہیک کیا تھا، علاوہ ازیں گروپ نے نیشنل فٹبال لیگ کے آفیشل اکاؤنٹ سمیت متعدد اہم اکاؤنٹس تک بھی باآسانی کنٹرول حاصل کیا۔
یاد رہے کہ اسی گروپ نے ایک برس قبل ٹویٹر کے بانی جیک کا اکاؤنٹ بھی ہیک کیا تھا، عام طور پر اوور مائین کمپنی ٹیکنالوجی کی مارکیٹ میں سیکیورٹی سروسز فراہم کرتی ہے۔
ٹویٹر کی جانب سے فیس بک اکاؤنٹ ہونے کی تصدیق کی گئی، کمپنی کے ترجمان کی جانب سے بیان میں بتایا گیا کہ ’تھرڈ پارٹی نے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی مگر تکنیکی ٹیم نے فورا اُن سے اکاؤنٹ واپس لے لیا‘۔