کراچی : سندھ حکومت کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے انٹرسال اول میں فیل ہونے والے طلبا کو گریس مارکس دینے کی سفارش کردی اور کہا طلبہ کی اکثریت کے ساتھ نتائج میں نا انصافی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق گیارہوں جماعت کے متنازعہ نتائج پر سندھ حکومت کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے رپورٹ تیار کرلی۔
رپورٹ میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے طلبہ کو گریس مارکس دینے کی سفارش کی ہے اور کہا طلبہ کی اکثریت کے ساتھ نتائج میں نا انصافی ہوئی۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ طلبا کو تعلیمی سال کے آغاز سے مشکلات کا سامنا رہا، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ سال کے وسط تک کتابیں فراہم کرنے میں ناکام رہا، کئی کتابیں تو سال کے آخر تک طلبہ کو فراہم نہیں کی جاسکیں۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے کہا کہ نصاب کے مطابق سیمپل پیپر بھی طلبہ کو بروقت فراہم نہیں کیا جاسکا، اساتذہ کی جانب سے کاپیاں چیک کرنے میں سخت مارکنگ کی گئی۔
کمیٹی رپورٹ کے مطابق جہاں زیادہ نمبر دینے کی گنجائش موجود تھی وہاں کم نمبر دیے گئے جبکہ کئی کاپیاں ایسی تھیں کہ طلبہ کو اچھے گریڈ دیے جاسکتے تھے۔