منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنانے والے ملزم کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : فیکٹری ملازمین کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنانے والے ملزم شہزاد کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے، ملزم پر غیرقانونی اسلحہ رکھنے کا بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر مالکان سے واجبات طلب کرنے کا طریقہ سلیم شہزاد کو مہنگا پڑ گیا، پولیس نے پہلے اسے پیار سے بہلا کر گرفتار کیا پھر دہشت گردی کی دفعہ لگا کر مقدمات درج کردیئے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر منیر شیخ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ملزم سلیم شہزاد کے خلاف گڈاپ سٹی تھانے میں دو مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، ملزم نے گزشتہ روز مالکان سے واجبات کی ادائیگی کے لیے فیکٹری ملازمین کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنالیا تھا، ایک اے ایس آئی نے اندر جانے کی کوشش کی تو ملزم نے تین گولیاں فائر کیں۔

منیر شیخ کے مطابق مذکورہ مقدمہ فیکٹری ملازم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں دہشت گردی اور جان سے مارنے کی کوشش کی دفعات شامل کی گئی ہیں، اس کے علاوہ ملزم کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ملزم سے ایک پستول اور26 گولیاں برآمد ہوئی ہیں، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم سے برآمد ہونے والا اسلحہ فرانزک ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن معمار سپرہائی وے انڈسٹریل ایریا میں واقع نجی فیکٹری میں کام کرنے والے ملازم سلیم شہزاد کو مالکان نے غلطی کرنے پر نوکری سے برطرف کردیا تھا، تاہم واجبات ادا نہ کیے جانے پر سلیم نےگزشتہ شام عملے کو یرغمال بنالیا تھا۔

بعد ازاں ایک کامیاب کارروائی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ملازمین کو بخیریت بازیاب کرواتے ہوئے ملزم سلیم شہزاد حسین کو حراست میں لے لیا تھا۔

مزید پڑھیں:  واجبات کی عدم ادائیگی پرعملے کی یرغمالی کا ڈراپ سین، ملزم گرفتار

ملزم سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ اُسے سات ماہ قبل ملازمت سے جبری طور پر برطرف کیا گیا اور مالکان نے دو ماہ کے واجبات بھی ادا نہیں کیے جس پر اس نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں