لندن: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پروپیگنڈے اور جھوٹ کا کارخانہ لگا ہوا ہے، ایک ارب ڈالر منتقل کرنے کے دعوے میں صداقت نہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ثالثی عدالت کے جج کا فیصلہ حقائق جاننے کے لیے پڑھنا ضروری ہے، براڈ شیٹ نے سراغ رساں ایجنسی میٹرکس کی خدمات لی تھیں، میٹرکس کی خدمات نواز شریف کے اثاثوں کے لیے حاصل کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے میں لکھا ہے کہ نواز شریف یا خاندان کے خلاف کچھ سامنے نہیں آیا، جج کے ریمارکس شریف خاندان کے لیے کلین چٹ ہیں۔
حسین نواز نے کہا کہ مخالفین جب بھی کسی غیر جانبدار فورم پر گئے منہ کی کھانا پڑی، نواز شریف سے متعلق جے آئی ٹی کے اعدادو شمار کو نیب پر لاگو کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ نے نیب کے بے بنیاد دعوؤں پر 20 فیصد حصہ وصول کرلیا، لاہور جلسوں میں دعوے کرنے والوں کو چیلنج ہے ثبوت پیش کریں۔
حسین نواز نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا ایکشن نہ لینا سمجھ سے بالاتر ہے۔
نواز شریف کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ پاکستان سے باہر ہمارے خلاف کیس رجسٹر نہ ہونا بے گناہی کا ثبوت ہے، لاہور کابینہ میں شامل کرپٹ وزرا کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔