پورٹ الزبتھ : جنوبی افریقہ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی کے رواں سال ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا امکان ہے، وانڈررز میں کھیلا جانے والا انگلینڈ کے خلاف چوتھا ٹیسٹ ان کا آخری ٹیسٹ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اپنی ٹیم کی مسلسل شکست پر افسردہ جنوبی افریقہ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے عندیہ دیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلا جانے والا وانڈررز ٹیسٹ میرا آخری میچ ہو کیونکہ میری پرفارمنس ٹیسٹ کرکٹ میں اتنی اچھی نہیں ہے جتنی ہونی چاہیے تھی، کیریئر میں پہلے کبھی اتنا دباؤ محسوس نہیں کیا۔
انگلینڈ کیخلاف میچ میں بد ترین شکست کے بعد پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے استفسار پر ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان ممکن ہے، چوتھے ٹیسٹ کے بعد میرے پاس کافی وقت ہوگا کہ میں اپنے مستقبل کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کرسکوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالات اچھے نہیں لیکن اس سے فرار بھی ممکن نہیں ہے، ایک وقت میں ہم بہترین ٹیم تھے، لیکن اب بہت نیچے ہیں یہ قدرت کا اصول ہے، امید ہے چیزیں جلد ٹھیک ہوجائیں گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ فاف ڈوپلیسی کا ون ڈے فارمیٹ کی کپتان سے بھی دستبردار ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے گزشتہ آٹھ ماہ سے سات ٹیسٹ میچز ہارے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی تجزیہ نگاروں کی تنقید کی زد میں ہیں۔