پروڈیوسر و اداکار فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے اپنے مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کے سیکوئل پر دوٹوک اعلان کیا ہے۔
فہد مصطفیٰ ایک انتہائی کامیاب اور مشہور پاکستانی اداکار، میزبان اور پروڈیوسر ہیں، ان کے قابل ذکر ڈراموں میں دوسری بیوی، میں عبدالقادر ہوں اور دیگر شامل ہیں۔
اداکار نے 2014 میں ٹیلی ویژن سے بریک لیا تھا جس کے بعد بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل کبھی میں کبھی تم کے ذریعے کامیاب واپسی کی، کبھی میں کبھی تم کا آغاز جولائی کے شروع میں ہوا تھا اور 5 نومبر کو اس کی آخری قسط نشر کی گئی۔
View this post on Instagram
اور ڈرامے کا اختتام بھی خوشگوار انداز میں کرنے پر صارفین بھی خوش دکھائی دیے تھے، تاہم سوشل میڈیا پر بعض مداحوں نے مطالبہ کرنا شروع کیا کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کا سیکوئل بنایا جانا چاہیے جس پر اب ڈرامے کے پروڈیوسر و اداکار فہد مصطفیٰ نے دو ٹوک جواب دیا ہے۔
حال ہی میں انہوں نے وسیم بادامی کے کرکٹ شو ہر لمہ پرجوش میں شرکت کی۔ شو میں انہوں نے کبھی میں کبھی تم کے سیکوئل کے بارے میں بات کی۔
سیکوئل کے بارے میں بات کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے کہا کہ میں کبھی میں کبھی تم کے سیکوئل کی اجازت نہیں دوں گا، میں ایسا کبھی نہیں ہونے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے کا سیکوئل بننے نہیں دوں گا، یہ ایک مکمل کہانی ہے جو اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے، اسے چھیڑنا زیادتی ہوگی، بعض کہانیاں وہیں رہنے دی جائیں تو بہتر ہوتا ہے اور یہی اصل کامیابی کی علامت ہے۔