اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی وکلا ٹیم سے نکال دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری کو پارٹی قیادت کے خلاف بیان بازی مہنگی پڑ گئی۔
بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی وکلا ٹیم سے نکال دیا گیا، پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے ان کو لیگل ٹیم سے ہٹا دیا۔
فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی کے مختلف واٹس ایپ گروپس سے نکال دیا گیا، اختلاف ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہوا۔
ایڈووکیٹ فیصل کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور کارکنان سے جھوٹ نہیں بول سکتا، ڈی چوک پر احتجاج کے دوران اور ویسے جو کچھ ہوا اڈیالہ میں سب بتایا،مجھے بانی تحریک انصاف سے سچ بولنے کی سزا ملی باقی کچھ نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے وہ ہر چیز کا کریڈٹ لینے کی کوشش کرتے تھے اور بھائی سمیت مخصوص لوگوں کی پارٹی میں واپسی کی کوششوں میں تھے جبکہ ٹیم میں شامل ساتھی وکلا کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتےتھے۔
دوسری جانب اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کے بھائی نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سےملاقات کی اورصورتحال پربات چیت ہوئی، وکیل ہوں کسی کو فائدہ دے رہا ہوں تو وہ سروسز جاری رکھے گا، جو باہر دیکھا وہ اندر بیان کیا اور جو اندر دیکھا وہ باہر بیان کیا۔