اسلام آباد : سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملکی خزانے کے محافظ ہیں، انھوں نے 18کروڑ سے زائد رقم بچا کر ملکی خزانے میں جمع کرائی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا بجٹ عوام کے پیسے کے صحیح استعمال کیلئے ترتیب دیا جاتا ہے، عوام کے پیسے کو امانت سمجھ کر خرچ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کاکوئی کیمپ آفس نہیں ، وہ اپنے ذاتی گھر میں رہتے ہیں،خرچہ خود اٹھاتے ہیں، نواز،زرداری دورمیں کیمپ آفسز عوام کے پیسے سے چلتےرہے جبکہ وزیراعظم عمران خان گھر کے ملازمین کاخرچہ بھی خود اٹھاتےہیں۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک سال میں وزیر اعظم ہاؤس اور بیرون ملک دوروں کے اخراجات میں واضح کمی کی، انھوں نے سپریم کورٹ میں اپنا تمام ریکارڈ پیش کیا، مسلم لیگ ن کی قیادت نے اپنے دفاع میں بوگس دستاویزات پیش کیں۔
مزید پڑھیں : تاریخ میں پہلی بار وزیر اعظم قومی خزانے پر بوجھ کی بجائے محافظ بن گئے
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں نےغریب عوام کے اربوں اپنی عیاشیوں پرلگا دیے جبکہ وزیراعظم نے 18کروڑ سے زائد رقم بچا کر ملکی خزانے میں جمع کرائی، وزیراعظم عمران خان ملکی خزانے کے محافظ ہیں۔
یاد رہے قومی خزانے سے عیاشی کرنے کی بجائے وزیر اعظم نے امانت و احساس کی تاریخ رقم کر دی تھی، یہ معلومات سامنے آئی تھی کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی رہائش گاہ کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں۔
معلوم ہوا تھا کہ نوکروں کی تنخواہوں، بلوں کی ادائیگی اور رہائش گاہ کی سیکورٹی پر اٹھنے والے اخراجات بھی وزیر اعظم خود ادا کرتے ہیں، وزیر اعظم کا دفتر بھی بچت کی قابل تقلید مثال بن گیا ہے، کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم کے دفتر میں ملازمین کی تعداد تاریخ کی کم ترین سطح تک آ گئی، ایک سال کے دوران وزیر اعظم کے دفتر نے 18 کروڑ سے زائد رقم بچا کر قومی خزانے میں واپس کی۔
بیرونی دوروں میں بھی وزیر اعظم عمران خان کفایت شعاری اور کم از کم اخراجات میں سب سے آگے ہیں، عمران خان بطور وزیر اعظم واشنگٹن گئے تو محض 67 ہزار 180 ڈالرز میں اپنا 5 روزہ دورہ مکمل کر کے آئے۔