گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جو گورنر ہاؤس پر قبضے کی بات کریگا اس کو اسی زبان میں جواب دیا جائیگا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ایک دوسرے کے خلاف لفظی جنگ جاری ہے اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے دھمکی دی تھی اب گورنر خیبرپختونخوا کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو گورنر ہاؤس پر قبضے کی بات کریگا اس کو اسی زبان میں جواب دیا جائیگا، میری خواہش ہے گورنر ہاؤس اور سی ایم ہاؤس کے درمیان اچھے تعلقات ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گورنرہاؤس کا تحفظ سب سے پہلے میرا فرض ہے، علی امین گنڈاپور نے بہت بدمعاشی کرلی اب مزید نہیں کرنے دیں گے، میں اسرار خان گنڈا پور یا عمر خطاب شیرانی ایڈووکیٹ نہیں ہوں، مجھے گورنر رہنے دیں ورنہ فیصل کنڈی علی امین سے بڑا بدمعاش بن جائیگا۔
گورنرکےپی کے کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ ہے علی امین گنڈا پور جیسے لوگوں سے کیسے نمٹاجاسکتا ہے، جس پی پی کیخلاف وہ بات کرتے ہیں مشکل وقت میں انہوں نے اسے سنبھالا تھا، قید کے دوران علی امین گنڈاپور کو پورے ملک میں پانی پلانے والا کوئی نہیں تھا۔
’پھر مجھے کوئی غدار نہ کہے‘، علی امین گنڈاپور نے وفاق کو خبردار کر دیا
فیصل کنڈی نے کہا کہ اس وقت علی امین کیلئے بلاول بھٹو کے حکم پر خورشید شاہ کے گھر سے کھانا آتا تھا، ہماری پارٹی کی روایات ہیں ہم نے مشکل وقت میں علی امین کو سپورٹ کیا، وہ جس لہجے میں بات کریں گے اسی لہجے میں جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر افہام و تفہیم کرینگے تو ہم حاضر اور اگر بدمعاشی کرینگے تو پھر بھی ہم حاضر ہیں، میں نے کوئی سیاسی بیان نہیں دیا، آئینی عہدے کے تقاضے پورے کرنا جانتا ہوں، نہیں چاہتا وزیر اعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ کی لڑائی میں صوبے کے عوام کا نقصان ہو، میں خیبرپختونخوا کا مقدمہ میں مرکز میں لڑوں گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیسے بدمعاشی اور فلمی ڈائیلاگ سے نہیں ملتے مذاکرات سے ملتے ہیں، ساتویں این ایف سی میں کے پی کو ایک فیصد اضافی مل رہا جو 40 سے 50 ارب ہے، اس کا اجرا صدر آصف زرداری کے پہلے دور میں کیا گیا تھا۔
گورنرکے پی نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنائے، صرف بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں گیس اور امن و امان کی صورتحال بھی گھمبیر ہے، وزیراعلیٰ جو صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں ان کے حلقے میں جج اغوا ہو رہے ہیں۔
فیصل کنڈی نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے چیف پیسکو سے بات کی ہے، متعلقہ وزیر و سیکرٹری انرجی و دیگر متعلقہ حکام سے میٹنگ کریں گے، کےپی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا، صوبہ معاشی طور پر بحرانوں کا شکار ہے، لوڈشیڈنگ عنقریب کم ہو جائیگی۔
فیصل کنڈی نے مزید کہا کہ واپڈا اور عوام کے درمیان مفاہمتی لائحہ عمل ترتیب دیں گے، چاہتا ہوں واپڈا کو ریونیو ملے اور شہریوں کو بلا تعطل بجلی فراہم ہو سکے۔