اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیصل مسجد کے امام کو خطبہ جمعہ کے دوران سیاسی معاملات کا ذکر کرنے سے روک دیا گیا۔
یہ اقدام ایک خفیہ ایجنسی کی جانب سے دی جانے والی درخواست کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے نگران ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کا کہنا ہے کہ انہوں نے امام مسجد کو تجویز دی تھی کہ وہ جمعے کے خطبے میں سیاسی معاملات کو شامل نہ کریں۔ ’فیصل مسجد نظریاتی و سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ہر مسلمان کے لیے ہے‘۔
ان کے مطابق گزشتہ جمعے کو خطبے میں امام مسجد نے اللہ سے حکمرانوں کو ہدایت دینے کی دعا دی، جس کے بعد ایک خفیہ ایجنسی نے درخواست جمع کروائی۔
دوسری جانب فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اسٹاف ایسوسی ایشن نے اسلامک یونیورسٹی میں تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے پر یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا اور ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا۔
اس بارے میں ڈاکٹر معصوم کا کہنا ہے کہ اسلامک یونیورسٹی کے پلیٹ فارم پر کسی متنازعہ موضوع جیسے حکومت کے خلاف جلسے یا تقاریر کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ان کے مطابق فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اسٹاف ایسوسی ایشن نے تقریب منعقدہ کرنے کے لیے مخصوص طریقہ کار کی پیروی نہیں کی جس کے بعد انہیں اجازت نہیں دی گئی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔