جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

اسلام آباد : فیصل رضا عابدی کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : عدالت نے فیصل رضا عابدی کی درخواست پر ان کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا، ایم ایس پمز اسپتال کو سات یوم میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے متعلق کیس میں فیصل رضا عابدی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی دائر درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔

سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس میاں گل نے کی، دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے فیصل رضا عابدی سے پوچھا کہ آپ کیا میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت چاہتے ہیں؟ جس کا انہوں نے مثبت جواب دیا۔

- Advertisement -

عدالت نے فیصل رضا عابدی کے طبی معائنے کیلئے ان کی دونوں درخواستیں منسلک کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا، عدالت نے پمز انتظامیہ کو حکم دیا کہ ایک ہفتے میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے، عدالت میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی  میں  فیصلہ کرے گی، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میڈیکل رپورٹ تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ بولنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف 21 ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

فیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس میں جب سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد عدالت سے باہر آئے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: گرفتار فیصل رضا عابدی کوجوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنے کاحکم

بعد ازاں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی رپورٹ کے بعد ان کی عبوری ضمانت منسوخ کردی تھی اور فیصل رضا عابدی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں