منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے پیسے خیرات سمجھ کر دیتی ہے، فیصل سبزواری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے پیسے خیرات سمجھ کر دیتی ہے، کراچی کے کچرے کا بڑا حصہ سیوریج لائن میں ڈالا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی نے گزشتہ 11سال سے واٹر بورڈ اور سیوریج کا نظام اپنے پاس رکھا ہے، واٹربورڈ کا ایم ڈی ایسے وزیر کو جوابدہ ہے جو یہاں سے الیکشن ہی نہیں لڑتا۔

کراچی کے کچڑے کا بڑا حصہ سیوریج لائن میں ڈالا جارہا ہے، سندھ میں 11سال سے کس کی حکومت ہے؟ سندھ سالڈ ویسٹ بناکر دس ارب کا بجٹ رکھ کر اپنے لوگوں کو نوازا گیا کیا پتھر اچھالنے والوں کو نہیں پتہ سیوریج کا نظام کس کے پاس ہے ؟

واٹربورڈ کس کے پاس ہے، ایم ڈی مئیر کو جواب دہ نہیں، واٹر بورڈ کا ایم ڈی ایسے وزیر کو جوابدہ ہے جو یہاں سے الیکشن ہی نہیں لڑتا، واٹربورڈ اور سیوریج کی لائنیں بوسیدہ ہوچکی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ، پی پی نے11سال سے واٹر بورڈ اور سیوریج کا نظام اپنے پاس رکھا ہے، بلڈنگ کنٹرول، سالڈویسٹ، واٹر بورڈ کے ایم سی سے لے لیا گیا۔

بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کی گئی تو اس کیخلاف کسی نے آواز نہیں اٹھائی سوائے ایم کیوایم کے، بلدیاتی ایکٹ پر دو سال سے عدالتوں میں لڑرہے ہیں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، واٹربورڈ کو ایم ڈی میئر کراچی کو جواب دے نہیں۔

فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کی سڑکیں سندھ حکومت کی غفلت کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،واٹربورڈ، سالڈ مینجمنٹ، کے بی سی کے ایم سی سے چھین لیے گئے،18ویں ترمیم کے نام پر سندھ حکومت اداروں پر سانپ بن کر بیٹھ گئی۔

انہوں نے سوال کیا کہ من پسند بھرتیوں ،کرپشن کے علاوہ ایس بی سی اے میں کیا ہورہا ہے؟ لاہور میں ایک اضلاع ہے اور ایک مئیر ہے، کراچی میں 6اضلاع ہیں اور ساتواں بنانے کی تیاری ہے۔

میئر کراچی کے پاس پورے شہر کو کنٹرول کرنے کا اختیار نہیں، من پسند لوگوں کو نوازنے کیلئے مزید اضلاع بنانے کی سازش ہورہی، سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے پیسے خیرات سمجھ کر دیتی ہے۔

سندھ حکومت نے11سال میں ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں کیا، عدالتیں کراچی کے شہریوں کامقدمہ ترجیحی بنیادوں پر سنیں، وفاق فوری دو ہزار ارب روپے کراچی کو دے، ایم کیوایم جلد کراچی میں صفائی مہم شروع کرنے جارہی ہے۔

علاوہ ازیں خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم میئرکراچی کے مؤقف کے ساتھ ہے، ہم میئرکراچی کی کاوشوں کوسراہتے ہیں، یہ سازش کو سمجھیں جس کا قصورہے وہ مزے لےرہا ہے، الزام اس پر لگ رہاہے جو سب سے زیادہ آواز اٹھارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میئر کراچی پر الزام لگانے کا مقصد پیپلزپارٹی کو فائدہ پہنچانا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو کیوں نہیں کچھ کہہ رہے، جن کے پاس وسائل ہیں ان کو کوئی کچھ نہیں کہہ رہا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں