کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ بدقسمتی کے ساتھ ایم کیوایم کے ہرشہید کارکن کودہشت گرد بنا دیا گیا ہے جب کہ ہم بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں اور آج شہداء یادگار پر بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے رہے.
وہ ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی دفتر واقع بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، فیصل سبزواری نے کہا کہ ہمیں آج یاد گار شہداء جانے کی اجازت دی گئی جس کے لیے انتظامیہ، رینجرز اور پولیس کے شکر گذارہیں.
فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے نہ تو پہلے تشدد پسند سیاست کی ہے اور نہ ہی اس قسم کی سیاست کی دعوت دیتے ہیں بلکہ 5 نومبر کے بعد صاف ستھری ایم کیو ایم سامنے آئی ہے.
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے 5 نومبرکو ایک بھرپوراورکامیاب جلسہ کیا اور کامیاب جلسے کے بعد کراچی کی بہت سی جماعتیں خاموش ہیں اور کامیاب جلسے کے بعد ایک سیاسی اتحاد کے بارے میں سوچا گیا.
ایم کیوایم پاکستان کے رہنما نے مصطفیٰ کمال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر قاتل اور مہاجرمقتول کی سیاست دوبارہ نہیں ہونے دیں گے اسی لیے ذمہ دارانہ کوشش کے تحت پی ایس پی کے ساتھ آگے چلنے کے لیے قدم اٹھایا لیکن آپ چاہتے ہیں کہ ہم اپنی شناخت بھول جائیں یہ نہیں ہو سکتا.
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مہاجروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی آواز اٹھانا چاہتے ہیں لیکن مصطفیٰ کمال صاحب کہتے ہیں ان زیادتیوں کا ذکر چھوڑ دیں اور ہم اپنی شناخت چھوڑ دیں چنانچہ مصطفیٰ کمال صاحب خدارا لوگوں کے جذبات سے نہ کھیلیں میراتجربہ میڈیامیں اور ایم کیوایم میڈیا میں مصطفیٰ کمال سے زیادہ ہے.
فیصل سبزواری نے کہا کہ مصطفیٰ کمال صاھب آپ کی جماعت کے 90 فیصد کارکنان سے رابطے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ جبر کے سائے ڈھلیں تو ہم دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان میں دوڑے چلے آئیں لیکن ہم ایم پی اے یا ایم این اے پر ڈورے نہیں ڈالتے.
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ مصطفیٰ کمال کسی ذاتی دورے پر دبئی نہیں گئے تھے بلکہ ایک مطلوب شخص سے ملاقات کے لیے دبئی گئے تھے اس لیے مصطفیٰ کمال شیشے کے گھرمیں بیٹھ کرپتھرنہ ماریں ورنہ سب سے زیادہ نقصان آپ کا ہوگا.
فیصل سبزواری نے کہا کہ فاروق ستارکی والدہ سےمتعلق بیان انتہائی غیراخلاقی تھا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ماں سب کی سانجھی ہوتی ہے اور آج پی ایس پی کی پریس کانفرنس سے مصطفیٰ کمال کو زیادہ نقصان ہوگا اور 2018 کے الیکشن کے بعد کراچی میں ایک اورجماعت کا اضافہ ہوجائے گا جس کی ضمانت بھی ضبط ہوجائے گی.
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں ناکام ہوچکی ہے، ہم کراچی کے لیے ہی نہیں بلکہ تمام شہروں کے بلدیاتی اختیارات کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں جس کے لیے سپریم کورٹ سے گزارش ہے کہ جلد از جلد اس مقدمے کو سُنا جائے اور اس اہم مسئلے کو سنا جائے.
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔