سینیٹر فیصل واوڈا نے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں انکشاف کیا ہے کہ ایک صوبائی گورنر مشکل میں آنے والے ہیں۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک صوبائی گورنر کی کرسی بہت جلد جانے والی ہے، جو نام بیچ رہا ہے، مال بنا رہا ہے، جھوٹ بھی بول رہا ہے اس کی باری آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ بھی ہوسکتا ہے، دو ماہ بھی ہوسکتے ہیں بہت جلد رول بیک ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ مراد علی شاہ کے علاوہ کوئی وزیر اعلیٰ ایک انگلش کا پیراگراف نہیں لکھ سکتا، ایسے لوگوں کے ہاتھ میں پاکستان کا مستقبل ہوگا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔
سینیٹر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے قمر جاوید باجوہ کا نام لیتے ہیں لیکن وہ ذمہ دار نہیں ہیں، قمر جاوید کو جب سازش سمجھ آئی تو انہوں نے فیض حمید کو ہٹا دیا تھا، انہیں سازش سمجھ آگئی تھی اسی لیے وہ بری الذمہ ہوگئے تھے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کیس میں بھی جلد حقائق سامنے آنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس لیے مذاکرات کررہی ہے کہ ان کی سیاست چلتی رہے، اللہ کا شکر ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھیں کھلنا شروع ہوگئی ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملہ ہوا کامیاب ہوجاتا تو بہت سے بینفشری تھے، بانی پی ٹی آئی کو اب گڈی گڈی سمجھ آرہا ہے جبکہ بہت پہلے سمجھ آجانا چاہیے تھا۔