کراچی : سینیٹر فیصل واوڈا نے آل پاکستان کسٹمزایجنٹس ایسوسی ایشن کو ہڑتال ختم کرنے پر راضی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا کی یقین دہانی کے بعد کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
سینیٹر واوڈا نے کسٹم ایجنٹس کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم کا شعبہ پورے ملک کا قرضہ اتار سکتا ہے، پورٹ قاسم پر اربوں روپے کی قبضے کی زمینوں کو ریکور کرائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ کسٹم ایجنٹس کا شکر گزار ہوں انہوں نے میرے کہنے پر ہڑتال ختم کردی، کسٹم والے ماہانہ 400 ارب روپے کسٹم ڈیوٹی اداکرتے ہیں، ان کی ہڑتال سے ملک ومعیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کسٹم ایجنٹس کو بدھ کے دن میٹنگ کیلئے بلالیا ہے، مسئلہ حل کریں گے، کسٹم ایجنٹس سے کرپٹ افسران کی فہرست مانگ لی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی وجہ سے معیشت کےحوالے سے بہتر خبریں آرہی ہیں، وہ ملک کوڈیفالٹ کی صورتحال سے باہر لے کر آئے واضح ہدایت ہے پاکستان پہلے سیاست بعد میں ہیں۔