اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکومت کے ساتھ مذاکرات سے کچھ نہیں ملے گا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں فیصل واوڈا نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات نہیں ہو رہے بلکہ وہ اس وقت حکومت سے مذاکرات کر رہی ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت دونوں طرف نااہل اور نکموں کی ٹیم چل رہی ہے، مقابلہ ہے کہ کون زیادہ نااہل ہے اور ابھی تک میچ برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 نومبر پانی کا بلبلہ ہے بانی پی ٹی آئی کو پہلے کچھ ملا نہ اب ملے گا، پی ٹی آئی کے لوگ بانی کے ساتھ بے ایمانی کر رہے ہیں، ان کو رہائی کیلیے معاملات اپنے ہاتھ میں لینا ہوں گے اور ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا۔
’بانی پی ٹی آئی بردباری کا مظاہرہ کر کے چیزیں ٹیبل پر رکھیں کیونکہ ایوان سے پھانسی کے پھندے تک اور جیل سے اقتدار تک پہنچا دیا جاتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات قابل عمل نہیں ہیں، یہ 26ویں ترمیم واپس کرنے کا کہہ رہے ہیں اب تو 27ویں آنے والی ہے، مینڈیٹ کی واپسی کا مطالبہ بھی قابل عمل نہیں ہے، 2018 میں ہم نے مینڈیٹ چوری کیا آج ان کا چوری ہوا، کیا ہم نے مینڈیٹ واپس کیا؟ جو مینڈیٹ چراتا ہے وہ واپس نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ایک سیاسی لولی پاپ ہے آخر میں بس اسٹک بچ جائے گی، آپ 5 ہزار لوگ لاتے ہیں تو حکومت 5 ہزار کنٹینر لگا دیتی ہے، کنٹینرز کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی خراب ہوتی ہے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کے نعروں کی ویڈیوز کے آپٹکس اچھے نہیں تھے، پولیس پورے پاکستان کی ہے نہ میرے خلاف نہ کسی اور کے خلاف ہے، گزشتہ رات پولیس واک کی ضرورت نہیں تھی، پولیس کا کام اپنی رٹ قائم کرنا ہے سیاست کرنا نہیں، قوانین کے مطابق تو ایسے لوگوں کو معطل کر دینا چاہیے، نعرہ بازی سیاستدانوں کا کام ہے کنٹینرز لگانا نالائقوں کی ناقص پالیسی ہے۔
’میں حکومت میں ہوتا تو متبادل جگہ دینے کا مشورہ دیتا۔ پولیس کے لوگ بھی اپنے ہیں جو مظاہرے کیلیے آ رہے ہیں وہ بھی اپنے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ایسے آپٹکس کی مذمت کرتا ہوں۔ تاثر دیں گے پولیس پاکستانیوں کے خلاف مارچ کر رہی ہے تو غلط پیغام جائے گا۔‘
سینیٹر نے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کا ٹرائل مکمل ہونے والا ہے کورٹ مارشل اور سزا جلد ہوگی، اگر کوئی سویلین ملوث نکلا تو اس کا بھی ملٹری ٹرائل ہوگا، اب بانی پی ٹی آئی کیلیے مشکل وقت ہے ان کو دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے۔