اسلام آباد : سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی اوورسیز فنڈنگ بند ہوگئی ہے، اوورسیز فنڈنگ کرنے والے آج اوورسیزپاکستانی کنونشن میں تھے۔
سابق وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘خبر’ میں گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے حوالے سے کہا کہ جن کا لسٹ میں نام نہیں ہوتا ان کی بانی پی ٹی آئی سےملاقات ہوجاتی ہے،یہ سب ایک تیاری کا اشارہ ہے، جیسے ایم کیوایم پاکستان ہے ویسے ہی پی ٹی آئی پاکستان بنے گی، بس مقدر کے سکندرکی تلاش ہے۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی خود ہی اپنے بیانیے کو سبوتاژ کر دیتے ہیں، کسی کو ضرورت ہی نہیں۔
سینیٹر واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اوورسیز فنڈنگ بند ہو گئی ہے، پی ٹی آئی کو جو اوورسیز فنڈنگ کرتے تھے، آج اوورسیزپاکستانی کنونشن میں تھے، آرمی چیف کوکریڈٹ دینا چاہیے، اوورسیز کنونشن میں لوگوں کو اعتماد بحال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اسمارٹ آدمی ہیں وہ بھی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
سابق وزیر نے کہا کہ آرمی چیف کی جو آج تقریر تھی، اس میں پلان بھی تھا اور عزم بھی تھا، آرمی چیف کی تقریر میں کمانڈ بھی تھی اور مستقبل کا بھی بتا رہے تھے، آرمی چیف کیلئے جو نعرے لگائے گئے، میں نے کسی اور کیلئے ایسے نعرے نہیں سنے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیےکہیں کوئی بات نہیں ہورہی، بانی کیلئے کیوں ٹرمپ کارڈ نہیں چلا، کیوں اوورسیزپاکستانی کنونشن میں آگئے۔