اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگنے والی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے 9 مئی کروانا گدھ کا کام تھا، سنگجانی میں جلسہ کرنے پر راضی ہوجاتے تو عزت رہ جاتی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بچانے کی کوشش کررہا ہوں اور کروں گا، ایک خاتون نے کہا ڈی چوک ہی جاؤں گی پھر وہاں سے فرار ہوگئیں۔
فیصل واوڈا کے مطابق تمام لیڈر شپ نے کہا اس خاتون نے ہمارے لیے مصیبت بنائی، علی امین گنڈا پور گرفتار نہیں ہوں گے، بشری بی بی گرفتار ہوں گی۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پارٹی پر پابندی سے متعلق شوق پورا کرنا ہے توکر لیں۔
یہ پڑھیں: بشریٰ بی بی ماں کی طرح ہیں، فائرنگ میں انہیں وہاں سے نکالنا پڑا، علی گنڈاپور
ان کا کہنا تھا کہ ڈی چوک پہنچنے کا کہا تھا، پہنچ کر دکھایا، اپنی حکمت عملی پر مطمئن ہوں، سیدھی فائرنگ ہوئی تو بشریٰ بی بی کو نکالنا پڑا ،وہ ماں کا درجہ رکھتی ہیں ۔ان کی حفاظت میری ذمہ داری تھی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ احتجاج کال آف کرنے کا مقصد مزید جانوں کو بچانا تھا۔ بشریٰ بی بی پر احتجاج خراب کرنے کا الزام مسترد کرتے ہیں۔ میری گرفتاری کے بعد ان کو نقصان پہنچتا تو ذمہ دار کون ہوتا؟ب انی پی ٹی آئی کی کال پر لاکھوں لوگ نکلے، دھرنا ایک سوچ اور فکر ہے جو بانی پی ٹی آئی ہی ختم کر سکتے ہیں۔