بدھ, مارچ 19, 2025
اشتہار

فیصل واوڈا نے اجلاس میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت کو بڑی غلطی قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عدم شرکت کو بڑی غلطی قرار دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کا قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا عجیب فیصلہ تھا، دہشتگردی کا مسئلہ قومی ایشو تھا، پی ٹی آئی کی عدم شرکت مناسب نہیں تھی۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ اجلاس میں کسی نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا تھی، اجلاس میں پاکستان اور ملکی سلامتی سے متعلق ہی بات ہونی تھی، میرے خیال سے پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کرنا چاہیے تھی، انہوں نے بڑی غلطی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2018 میں قائم نااہل حکومت نے دہشتگردی کیخلاف جنگ سے حاصل ثمرات کو ضائع کیا، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کنفیوژن کا شکار ہے کیونکہ اختلافات ختم نہیں ہو رہے، ایک طرف پی ٹی آئی نہیں آ رہی اور دوسری طرف علی امین گنڈاپور نے شرکت کی، وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی حیثیت سے آ رہے ہیں تو پی ٹی آئی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

سینیٹر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شرکت کا معاملہ کوئی فرمائشی پروگرام نہیں کہ 14 لوگ آئیں گے، اجلاس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 90 سے 95 افراد تھے، ایسا نہیں کہ آپ 20 سے 25 لے جائیں آپ کہیں افطاری پر نہیں جا رہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے قومی نوعیت کے اہم اجلاس میں اپوزیشن کی عدم شرکت کو افسوسناک اور حزب اختلاف کی غیر موجودگی کو غیر سنجیدہ طرز عمل قرار دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حزب اختلاف کی عدم شرکت قومی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے کے مترادف ہے، ان کی ذمہ داریاں قوم کی مقدس امانت ہیں، دہشتگردی کے خلاف سب کو متحدہ ہو کر آگے بڑھنا ہے، ملک کیلیے جان کا نذرانہ دینے والے جوانوں کے اہلخانہ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں