اسلام آباد : سینیٹر فیصل واوڈا نے پورٹ قاسم کی قیمتی زمین کی بندر بانٹ ناکام بنادی اور بہتر گھنٹے میں قومی خزانے میں 60 ارب واپس آگئے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے میری ٹائم کا اجلاس ہوا۔
جس میں سینیٹر واوڈا نے کہا آرمی چیف نے اپنے ادارے کا احتساب سب سے پہلے کیا ہے، آرمی چیف نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان سب سے پہلے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے نوٹس کے بعد پورٹ قاسم کی 500 ایکڑ زمین واپس ہوگئی اور پاکستان کا خزانہ 60 ارب کے نقصان سے بچ گیا۔
سینیٹر واوڈا نے مزید بتایا کہ سیکریٹری میری ٹائم نے ساٹھ ارب کی چوری بچانے میں کردارادا کیا، ہم نے ساٹھ ارب روپے کی کرپشن روک لیا۔
انھوں نے کہا میری ٹائم میں کرپشن کے پلندے لے کر آیا ہوں، ایسے ایسے ثبوت دوں گا کہ حیران رہ جائیں گے، وہ ثبوت دے رہا ہوں جو ایف آئی اے کو سالوں نہیں ملتے۔
واوڈا کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم کی 500 ایکڑ کی زمین دس لاکھ میں دینے کا فیصلہ ستمبردوہزارچوبیس میں ہوا، پورٹ قاسم کی 365 ایکڑ کی زمین کی رقم کے بدلے پانچ سو ایکڑ زمین دینےکافیصلہ کیا گیا جبکہ پورٹ قاسم کی زمین صرف آٹھ فیصد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا میری ٹائم میں آٹھ ماہ تک ثبوت اکٹھے کیے اور مطالعہ کیا، میں نہ بولتا تو ملک کے ساٹھ ارب چلے جاتے۔