کراچی: وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ملک میں جو ہو رہا ہے اس کی بدولت شریف فیملی باہر جا رہی ہے، یہ سب وہاں جا رہے ہیں جہاں اشتہاری رشتے دار، لوٹی ہوئی دولت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹرز کے مطابق علاج کی شرط ہے تیمارداری کوئی اور نہیں کرسکتا، ڈاکٹرز کے مطابق علاج کی شرط یہ ہے تیمارداری صرف مریم کرسکتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ملک میں جو ہو رہا ہے اس کی بدولت ابو،چچا اور پھرمریم بھی جا رہی ہیں، یہ سب وہاں جا رہے ہیں جہاں اشتہاری رشتے دار، لوٹی ہوئی دولت ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ ہے سسٹم کا وہ بھیانک چہرہ جس کو بدلنے عمران خان آئے ہیں، اس فرسودہ نظام کے خلاف پہلے لڑائی کی تھی اب جنگ کریں گے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ دو نہیں ایک پاکستان۔
ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اُس کی بدولت ابو(نواز)،چچا(شہباز)اور پھر میں وہاں جا رہے ہیں جہاں ہمارے اشتہاری رشتے دار اور لُوٹی ہوئی دولت ہے-چچا آتے جاتے رہیں گے۔ہم پہلے بھی سعودیہ بھاگ گئے تھے۔ڈاکٹرز کے مطابق علاج کی شرط یہ ہے کہ تیمارداری کوئی اور نہیں صرف میں مریم نواز کرسکتی ہوں-
— Faisal Vawda (@FaisalVawdaPTI) November 11, 2019
اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری کابینہ کو موصول نہیں ہوئی، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ کی منظوری درکار ہے، ابھی تک ایسی سمری کابینہ کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ متعدد وفاقی وزرا نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ہے، میری ذاتی رائے یہی ہے کہ نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی، ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے سب کا حامی ہونا مشکل ہے۔