کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 10 محرم الحرام کے بعد ایسی خبر آئے گی جو 65 سال میں کسی نے نہیں سنی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے اندر ملک توڑنے کی سازش ہوئی تھی، اسی سازش کے تحت ن لیگ، پی پی نے بلیک منی کو وائٹ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقدام اُٹھالیا ہے جلد خبر سننے کو ملے گی، بغیر کام کیے 35 ارب روپے اکاؤنٹ میں آنے والی خبریں جلد سامنے آئیں گی۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت اپنی گاڑیاں بچانے کے لیے اب قانون بنانے جا رہی ہے، فیصل واوڈا
واضح رہے کہ فیصل واوڈا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرضے ذاتی خرچ کے لیے نہیں لیے جائیں گے بلکہ عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے، ماضی میں حکمران کسی ملک کے پاس گئے تو وہ کشکول لے کر گئے۔
رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آخری ڈیم 1969 میں بنا تھا اس کے بعد کچھ نہیں ہوا، ملک کا حلیہ بگاڑنے والوں کا یہ کہنا کہ پاکستان ٹھیک ہو جائے یہ تبدیلی ہی ہے، حکومت اب جاگ گئی ہے اور ترجیحی بنیاد پر مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہے۔