اسلام آباد: سابق سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ ہو تو فوج ہی کارروائی کرے گی اور اپنے قانون کے مطابق ٹرائل کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ ہوگا تو فوج ہی کارروائی کر سکتی ہے، جاسوسی یا حملوں کی کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی، کالعدم تنظیموں نے فوجی عدالتوں کے خلاف فیصلے کا خیر مقدم کیا، کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے کہ کوئی بھی آ کر تنصیبات اڑا دے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ سلیکٹڈ لاڈلوں کو حسب ضرورت لانے کی ذمہ دار عدلیہ ہے، عدالت نے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی کو صادق و امین اور نواز کو نااہل کیا بعد میں 50 روپے کے اسٹیمپ پیپر پر باہر بھیج دیا، عدالتی نظام بتاتا ہے یہ کالا تھا اب سفید ہوگیا اسے سلوٹ لگ رہے ہیں، کیا فوج نے ضمانت دی تھی؟ فوج نے جہاز میں بٹھا کر باہر بھیجا تھا؟
انہوں نے کہا کہ لکھ لیں جمہوری حکومت آئے گی تو ڈالر کی قدر اور پیٹرول کی قیمت آسمان سے باتیں کرے گی، جنہوں نے مل کر ملک کی تباہی کی کیا وہ اب دوبارہ مل کر ملک کو خوشحال کر دیں گے؟ پونے 6 کروڑ نوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ بزرگ عرفان صدیقی کے ہاتھ میں ہے، سیاسی جماعتوں کے ریٹائرڈ سیاستدانوں کو کب تک کندھوں پر لے کر چلیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ 100 سال کا آدمی نئی جمہوریت اور مستقبل کا لیکچر دے یہ نہیں چلے گا، جس سمت میں لے کر جانا چاہ رہے ہیں نہیں چلے گا کیوں کہ اہلیت نہیں، چور، ڈاکو اور لٹیروں سے کسی خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
سابق سینیتر نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو پی ٹی آئی کی حکومت بنائی گئی، صرف 2018 نہیں دھاندلی تو ہر الیکشن میں ہوتی رہی ہے۔