کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وہ اپنی سیاسی زندگی میں ڈیفنس کلفٹن جیسے پوش علاقے سے کبھی الیکشن نہیں لڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق این اے 249 سے انتخاب لڑنے والے پی ٹی آئی رہنما نے ہمیشہ غریب طبقے کے ساتھ رہنے اور انھی کے لیے کام کرتے رہنے کا عزم کیا۔
فیصل واوڈا نے کہا ’ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن میں ہمیشہ غریب طبقے کے لیے کام کروں گا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ لوگ ان کے خلاف باتیں اس لیے کرتے ہیں کیوں کہ وہ کرپٹ نہیں ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی فیصل واوڈا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹ دینے باہر نکلیں، ملک میں تبدیلی لانے کے لیے تحریک انصاف کو کام یاب کرائیں۔
انھوں نے کہا ’میں گولی، گالی یا تشدد کی سیاست کبھی نہیں کروں گا، ایم این اے بن گیا تو مزدور بن کرعوام کی خدمت کروں گا، چاہتا ہوں بلدیہ میں مزدور کا بیٹا پائلٹ بنے۔‘
عوام اختیار چھین کر لیں گے، ڈولفن ہے جو کراچی والوں کی جان بچا رہی ہے، مصطفیٰ کمال
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ سیاست دانوں نے علاقے کو 35 سال پانی دیا نہ ہی سڑکیں بنائیں، کہا ’تعصب نہیں حق کی بات کروں گا، لڑکیوں کے لیے اسکول اور کالج بناؤں گا۔‘
واضح رہے کہ این اے 249 کے انتخابی حلقے میں پی ٹی آئی رہنما کا بڑا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے ساتھ ہوگا، جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے اسلم شاہ، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل، متحدہ مجلس عمل کے سید عطاءاللہ شاہ اور پاک سرمین پارٹی کی فوزیہ حمید بھی اسی حلقے سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔