اسلام آباد : وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومتی رٹ چیلنج ہوئی تو حکومت بھی ڈی میں جاکر گول کرے گی، مولانا صاحب کو جن جماعتوں پر اعتبار تھا انہوں نے دھوکہ دیا۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے متعلق ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا کیونکہ مولانا جلد نام نہاد اپوزیشن الائنس کو توڑنے کا اعلان کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بات کا مولانا صاحب کو بھی احساس ہوگیا ہے، مولانا فضل الرحمان کو جن جماعتوں پر اعتبار تھا انہوں نے دھوکہ دیا، سب ایک ایک کرکے بھاگ گئیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومتی رٹ چیلنج ہوئی تو حکومت بھی ڈی میں جاکر گول کرے گی اور ایسا گول ہوگا کہ ان کی رہی سہی سیاست بھی دفن ہوجائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف پٹے ہوئے مسترد شدہ چور ڈاکو ہیں تو دوسری طرف اکیلا اور ایماندار لیڈر عمران خان کھڑا ہے، کرائے کے ڈیزل رکشے پر ڈی چوک جانے کی شوقین دو پارٹیاں تو پہلے ہی بھاگ جائیں گی، ملک میں کوئی افراتفری نہیں ہوگی۔