اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی جان چھڑانے کیلئے دو ارب ڈالر دینے کی آفر دے چکے ہیں، جو اولاد پیسے کے لئے باپ کو پھنسا دے ایسی سیاست کا کیا فائدہ ہے؟
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ’’حضور یہ ہیں وہ ذرائع‘‘ اور پھر وہ ان ہی ذرائع سے لاتعلق ہوگئے۔
سابق وزیراعظم چاہتےہیں کہ دو ارب ڈالر کے بدلے ان کی جان چھوڑدی جائے، قید تنہائی کاٹنا ن لیگی قائد کے بس کی بات نہیں, اس کے لیے وہ دو ارب ڈالر دینے کی آفر بھی دے چکے ہیں، نوازشریف نے رشوت کی یہ آفر حکومت کو کی ہے، جو اولاد پیسے کے لئے باپ کو پھنسا دے ایسی سیاست کا کیا فائدہ ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی رہنما نے دمادم مست قلندر کی والی بات کرسمس یا نیوایئرپارٹی سے متعلق کہی ہوگی، آصف زرداری کے خلاف کیس ن لیگ کے دور حکومت میں بنائے گئے اور جےآئی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے۔
دمادم مست قلندر کی بات کی جاتی ہے دونوں جماعتیں مل کر دکھائیں، دمادم مست قلندر وہ کریں کھانا اور گاڑیاں ہم خود فراہم کریں گے۔
فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ آج سے پہلے ٹو پارٹی رول تھا، پہلے ان کی پھر دوسرے کی باری آتی تھی، شریف خاندان کے ملک اور بیرون ملک بھی رشتے دار ہیں جو پیسے دیتے ہیں۔
مصدق ملک نے پارٹی کا ایسا دفاع کیا اب تو رونا آگیا، موجودہ کابینہ کام کرکے دکھا رہی ہے تو انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں، ن لیگ اور پی پی کی حکومتوں نے ماضی میں کرپٹ لوگوں کو کیوں نہیں پکڑا؟