فیصل آباد : نون لیگ کے دو ایم پی اے تھانے سے سات ملزمان کو زبردستی چھڑا کر لے گئے، متاثرین دہائیاں دیتے رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے رہائشی ایک تاجر ابرار احمد نے اپنی دکان پر قبضے کے حوالے سے آرپی او کو درخواست دی تھی۔
متاثرہ تاجر نے مؤقف اختیار کیا کہ یوسی چیئرمین میاں سعید ، سابق ناظم عاصم بشیر، ایم پی اے کے قریبی عزیز دلدار انصاری، شاہد، طارق نامی افراد نے اس کی دکان پرقبضہ کیا ہوا ہے، جس پر آر پی او نے متعلقہ پولیس کو قبضہ گروپ کیخلاف کارروائی کاحکم دیا۔
پولیس نے احکامات پر عمل کرتے ہوئے دکان کے تالے توڑ کر قبضے کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کرلیا اور تھانے میں لاک اپ کردیا۔
ایس پی لائل پور نے چھاپہ مار کر7ملزمان کو گرفتار کیا، بعد ازاں ن لیگی ایم پی اے الیاس انصاری اور اجمل آصف حوالات سے ملزمان کو چھڑا کر لے گئے۔
موقع پر موجود تاجروں نے اراکین اسمبلی کی اس غندہ گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، اس موقع پر میڈیا کو کوتوالی تھانے کے باہر فوٹیج بنانے سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی۔
متاثرہ تاجر ابرار نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ دو ارکان اسمبلی کیخلاف کارروائی کریں، ایس پی نے معاملہ افہام وتفہیم سے سلجھانے کیلئےفریقین کو اپنے دفتربلا لیا۔