جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

ایک اور ننھی کلی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد: فیصل آباد میں سفاکیت کی انتہا ہوگئی، وحشی درندے نے بھٹہ مزدور کی چار سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کرڈالا۔

پنجاب میں کمسن بچے اور بچیوں کو اغوا کرنے کے بعد زیادتی کرنے اور اس کے بعد انہیں قتل کرنے کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے، مگر پنجاب پولیس اس قبیح جرم کو روکنے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتی ہے یہی وجہ ہے کہ ابھی تک جنسی درندگی کرنے والے سفاک ملزمان پولیس کی گرفت سے آزاد ہیں۔

اس طرح کا دلخراش واقعہ گذشتہ شب بھی فیصل آباد کے علاقے مدینہ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں بھٹہ مزدور پر کام کرنے والی فیملی پر قیامت گزری گئی، دادا کے پیچھے جانے والی چار سالہ میرب گھر سے نکلی اور پھر اس کی خون میں لت پت لاش گھر آئی۔

غمزدہ والدہ نے دلخراش واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ میری چار سالہ میرب دودھ لینے کیلئے دادا کے پیچھے باہر گئی، راستے میں کسی ظالم نے اسےغائب کردیا، گمشدگی کی اطلاع ملنے پر تلاش شروع کی تو میری ننھی کلی کی لاش بھٹے کےدفتر سے ملی۔

ننھی میرب کی والدہ نے افسوسناک واقعے سے متعلق چند اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ شہزاد سے میری دوسری شادی تین ماہ قبل ہی ہوئی ہے، بیٹی کے گمشدگی کے بعد اسے ڈھونڈنے کے لئے تلاش شروع کی تو بھٹہ آفس کے قریب اس کی دل خراش چینخیں سنائی دی، جیسے ہی ہم وہاں پہنچے تو نامعلوم شخص برآمدے سے نکل کر فرار ہوگیا جبکہ بچی مردہ حالت میں پڑی تھی۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بچی کا والد شہزاد احمد بھٹے پر کام کرتا تھا اور وہاں پر ہی اس نے رہائش رکھی ہوئی تھی، اس کی چار سالہ بچی میرب مغرب کے وقت گھر سے لاپتہ ہوئی جس کی تلاش کیلئے بھٹہ مزدور اور دیگر افراد اردگرد نکلے تو بھٹہ کے قریب ایک خالی کوارٹر سے بچی کی نعش ملی جوکہ خون میں لت پت تھی۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں، یہ انکشاف ہے کہ ملزم نے پہچانے جانے کےخوف سےبچی کا گلہ دبا کر قتل کیا۔

کمسن بچی کی اندوہناک موت پر پولیس نے فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی، ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل نے میڈیا کو بتایا کہ بچی کی لاش کو میڈیکل کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، پوسٹمارٹم رپورٹ کےبعد زیادتی کی تصدیق ہوسکےگی، تفتیش جاری ہے،جلدملزم تک پہنچ جائیں گے۔

دوسری جانب تھانہ ملت ٹاؤن میں مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، نامعلوم ملزم کےخلاف مقدمے میں زیادتی اورقتل کی دو دفعات شامل کیں گئیں ہیں۔

،ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل کا کہنا تھا کہ انکوائری کیلئےایس پی مدینہ ٹاؤن کی سربراہی میں ٹیم بنادی گئی ہے، انکوائری ٹیم میں ڈی ایس پی، تین ایس ایچ اوز شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب نے بھی فیصل آباد میں چار سالہ کی بچی سےمبینہ زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او فیصل آباد سے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی ہے، آئی جی نے ملزم کو جلدازجلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ بچی کےاہلخانہ کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پریقینی بنائی جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں