فیصل آباد: مراد آباد کے علاقے میں مضر صحت دودھ پینے سے سو سے زائد افراد کی طبیعت ناساز ہوگئی جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ دودھ فروش کو حراست میں لے کر ضلعی انتظامیہ نے دودھ اور دہی کے نمونے حاصل کرنے کے بعد دکان سیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے مراد آباد میں دودھ فروش نے علاقہ مکینوں میں دودھ سوڈا تقسیم کیا جس کے پینے کے بعد بچوں سمیت 100 سے زائد افراد کی حالت خراب ہو گئی۔
متاثرہ افراد کو جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بستر کم پڑنے اور ناکافی سہولتوں کے باعث بعض مریضوں کو الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ متاثراہ افراد کو مکمل طبی امداد دی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: زہریلی مٹھائی سے اموات کی تعداد 30 ہوگئی
ضلعی انتظامیہ نے دودھ فروش سرور گجر اور سوڈا واٹر فیکٹری کے مالک کو دو بیٹوں سمیت گرفتار کر کے دکان اور فیکٹری کو سیل کردیا ہے۔
انتظامیہ نے مزید تفتیش کے لیے دودھ اور سوڈا واٹر کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں تا کہ لوگوں کی طبیعیت خراب ہونے کی وجہ معلوم ہوسکے۔
کل گجرانوالہ میں بھی حلوہ پوری کھانے سے 5 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ اس سے قبل لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 30 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔
پنجاب میں مضر صحت غذائی اشیا میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔