فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیس نے شادی کی تقریب پر چھاپہ مار کر دلہا دلہن کے رشتے داروں سمیت ہال کے منیجر کو حراست میں لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں کرونا کے پیش نظر کئی علاقے سیل ہونے کے باوجود ایک شادی ہال منیجر کی جانب سے شادی کی تقریب کی اجازت دی گئی جس پر پولیس حرکت میں آئی اور ہال پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے نتیجے میں دلہا دلہن کے رشتے داروں سمیت منیجر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہال کے پچھلے دروازے سے دلہا دلہن کو لے کر فرار ہوگیا جبکہ دلہا کے بھائی اور والد بھی اسی دروازے سے رفو چکر ہوئے۔
پولیس نے حسن اور دیگر باراتیوں کو گرفتار کرکے ان کے کرونا ٹیسٹ بھی کروالیے، پولیس کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے کے بعد کرونا کا پتا چل سکے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ پولیس کو کارروائی کے لیے درخواست دے دی گئی ہے جلد مقدمہ درج کرکے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے تاہم شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر گرفتاریاں اور جرمانہ بھی عائد کیے جاچکے ہیں۔