فیصل آباد میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے رکشہ میں سوار ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ، مرنے والوں میں چار خواتین شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں جھمرہ فلائی اوور کے قریب تیز رفتار گاڑی نے لوڈر رکشے کو ٹکر ماردی۔
خوفناک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اورتین شدید زخمی ہوگئے مرنے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مرنے والوں میں ماں، دو کمسن بیٹیاں، ایک بیٹا اور ساس شامل ہیں، ڈرائیور جائے حادثہ پر گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق سکندرپور کا رہائشی محنت کش امجد اپنے گھر والوں کے ہمراہ رکشے میں گھر جارہا تھا کہ اچانک ایکسپریس وے پر گاڑی نے ٹکر مار دی۔
امجد اور اس کے دو بیٹے حادثے میں زخمی ہوگئے جنہیں الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔