فیصل آباد: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 26 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے کلیم شہید کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر 26 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، نوجوان کی شناخت انس کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول انس کے چھوٹے بھائی سے ڈاکو موٹر سائيکل چھین رہے تھے، شہری انس کے پکڑنے پر ڈاکو فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انس کو زخمی حالت میں الائیڈ اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں اسلام آباد شہزاد ٹاؤن کی حدود میں واقع سدرہ ٹاؤن میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ڈاکو رات گئے تالا توڑ کر ایک گھر میں داخل ہوئے تو شہری محمد زبیر نے مزاحمت کی۔
ڈاکوؤں نے زبیر پر فائر کیا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا، شہزاد ٹاؤن پولیس کے عدم تعاون پر ورثا نے ترامڑی چوک میں احتجاج کیا اور لاش کو چوک پر رکھ کر تینوں اطراف سے بند کردیا تھا۔