پیر, جون 17, 2024
اشتہار

فیض لدھیانوی اور نیا سال

اشتہار

حیرت انگیز

فیض لدھیانوی اردو کے پختہ گو اور خوش فکر شعراء میں سے ایک ہیں‌ جن کی ایک نظم بہت مشہور ہے، لیکن ہم نام ہونے کی وجہ سے یہ نظم فیض‌ احمد فیض‌ سے منسوب ہوگئی۔ ان کی یہ نظم ہر سال کے آغاز پر سوشل میڈیا پر ضرور نمایاں‌ ہوتی ہے۔

اے نئے سال بتا تجھ میں نیا پن کیا ہے
ہر طرف خلق نے کیوں شور مچا رکھا ہے

روشنی دن کی وہی تاروں بھری رات وہی
آج ہم کو نظر آتی ہے ہر ایک بات وہی

- Advertisement -

آسمان بدلا ہے افسوس نہ بدلی ہے زمیں
ایک ہندسے کا بدلنا کوئی جدت تو نہیں

اگلے برسوں کی طرح ہوں گے قرینے تیرے
کسے معلوم نہیں بارہ مہینے تیرے

تو نیا ہے تو دکھا صبح نئی شام نئی
ورنہ ان آنکھوں نے دیکھے ہیں نئے سال کئی

بے سبب لوگ کیوں دیتے ہیں مبارک باديں
غالباً بھول گئے وقت کی کڑوی یادیں

تیری آمد سے گھٹی عمر جہاں سے سب کی
فیضؔ نے لکھی ہے یہ نظم نرالے ڈھب کی

عام لوگ ہی نہیں‌ باذوق قارئین بھی لاعلمی کی بنیاد پر بطور شاعر اس نظم کے ساتھ فیض احمد فیض‌ کا نام لکھ دیتے ہیں۔ یہ نظم فیض لدھیانوی کی ہے جنھوں‌ نے طویل عمر پائی اور 6 جنوری 1995ء میں لاہور میں‌ انتقال کیا۔

خواجہ فیض لدھیانوی کی شاعری دینی، اخلاقی اور تعمیری پہلوؤں سے متصف ہے۔ وہ مشرقی تہذیب کے دلدادہ اور قومی احساسِ تفاخر سے سرشار تھے۔ ان کا مقصدِ شاعری اس وقت کے ہندوستانی نوجوانوں کی راہ نمائی اور ان میں جذباتِ عالیہ پیدا کرنا تھا۔ خواجہ فیض لدھیانوی کا مطمحِ نظر اخلاقیات اور قومیات رہا لیکن انھوں‌ نے دیگر موضوعات زندگی اور سماجی شعور کو بھی اپنے کلام میں پیش کیا ہے۔ ان کی غزلیں اور مختلف موضوعات پر نظمیں‌ سادگی، جوش اور تخلیل سے لبریز ہیں۔ خواجہ فیض لدھیانی نے خاص طور پر بچّوں‌ کی تعلیم و تربیت کی غرض سے مختلف موضوعات پر نظمیں اور اشعار بھی لکھے جنھیں ان کے دور کے بڑے بڑے شعراء اور ادیبوں‌ نے سراہا ہے۔

خواجہ فیض لدھیانوی 1911 میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے اپنے آبائی علاقہ کی نسبت اپنے نام کے ساتھ جوڑی اور ادب کی دنیا میں فیض‌ لدھیانوی مشہور ہوئے۔ بچوں کی بہار، قیمتی باتیں، ذوقیات اور دیگر عنوانات سے ان کی متعدد کتابیں شایع ہوئیں۔

فیض‌ لدھیانوی کے دو اشعار ملاحظہ کیجیے

غریبی کس بلا کا نام ہے ان کی بلا جانے
خدا ہے جن کی دولت جن کا شیوہ زر پرستی ہے
………….
عقل گم ہے دل پریشاں ہے نظر بیتاب ہے
جستجو سے بھی نہیں ملتا سراغ زندگی

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں