اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو ’تماشہ ٹو‘ میں شرکت کرنے والے اداکار فیضان شیخ نے ناقدین کے نام پیغام دے دیا۔
اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ودھ ایاز سموں‘ میں اداکار فیضان شیخ نے شرکت کی اور رئیلٹی شو تماشہ ٹو سمیت دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
میزبان نے پوچھا کہ وہ لوگ جنہوں نے آپ کو غلط سمجھا ان سے کیا کہنا چاہیں گے؟
فیضان شیخ نے کہا کہ ’یہ گیم شو تھا، میں بھی اتنا ہی انسان ہوں جتنے آپ ہیں، آپ میں بے حد اچھائیاں ہوں گی کہیں نہ کہیں کوئی برائی بھی ہوگی مجھ میں بھی اتنی ہی اچھائیاں اور برائیاں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’رئیلٹی شو میں، میں لکی اس لیے رہا کہ میری اچھائیاں تو آپ نے دیکھیں اور میری برائی کی آپ لوگوں نے اصلاح کردی، لوگ زندگیاں گزار دیتے ہیں کوئی اصلاح نہیں کرتا۔‘
فیضان شیخ نے کہا کہ ’اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے اتنا موقع ملا، تماشہ ٹو میں مجھے یہ ڈر رہتا تھا کہ ایسا نہ ہو کہ میں کچھ ٹھیک نہ کرپاؤں اور گھر سے باہر نکل جاؤں۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ایک دو جگہ لوگوں نے مجھے برا بھلا بھی کہا لیکن ایسے لوگ بھی تھے کہ جنہوں نے کہا کہ اگر فیضان کو تماشہ سے نکال دیں تو شو ختم ہوجائے گا۔‘
واضح رہے کہ تماشہ سیزن ٹو اداکارہ عروبہ مرزا نے جیت لیا تھا جبکہ فیضان شیخ رنر اپ رہے تھے۔