شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ فجر شیخ کا کہنا ہے کہ امی سے کسی کو بھی ملواؤں تو وہ اسے داماد سمجھ لیتی ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بیٹیاں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ فجر شیخ نے حالیہ انٹرویو میں شوبز کیریئر ودیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
میزبان نے پوچھا کہ ڈرامے کے بعد اسکرپٹ بہتر آرہے ہیں یا ویسا نہیں ہوا جیسا آپ سوچ رہی تھیں، جواب میں اداکارہ نے کہا کہ میں ایسا کچھ بھی نہیں سوچ رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں ایسا کچھ نہیں کہ لیڈ کردار کرنا ہے بس یہ چاہتی ہوں کہ نامور ڈائریکٹر مجھے اداکار مان لیں، ساتھی اداکار جتنا اچھا ہو آپ اتنا ہی اچھے سے اپنے کردار کو ادا کرتے ہیں۔
شادی سے متعلق سوال کے جواب میں فجر شیخ نے کہا کہ خاندان میں لڑکیاں ڈاکٹر ہیں ان کے بھی پیچھے لگے رہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ڈاکٹر ہیں تو کیا ہوا شادی تو نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ میرے گھر والوں کو یہ ہوتا ہے کہ خود ہی کیریئر بنایا ہے تو خود ہی لڑکا بھی ڈھونڈ لے گی ہاں اگر میں کسی کو بھی امی سے ملوا دوں تو وہ اسے داماد سمجھنے لگتی ہیں میں نے اسی لیے اب ملوانا بھی چھوڑ دیا ہے۔
فجر شیخ نے کہا کہ محبت میرے خیال میں چھپی چھپی ہونی چاہیے کیونکہ نظر لگ جاتی ہے۔