راولپنڈی : قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے اوورسیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے چیئرمین اعجاز ہارون کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے اعجاز ہارون کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کرلیا، ملزم پر بطور سیکرٹری کڈنی ہلزہاؤسنگ اسکیم سے پلاٹ دینے کاالزام ہے۔
اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجازہارون نے اومنی گروپ کو12پلاٹ فرضی ناموں پر جاری کیے، ان پلاٹوں کی الاٹمنٹ بھی غیرقانونی طریقے سے کی گئی۔
مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس میں پانچ کروڑ کی ایک اور بڑی وصولی
قومی احتساب بیورو کے مطابق پلاٹوں کی144ملین روپے رقم دو جعلی اکاؤنٹ سے ادا کی گئی، یہ اکاؤنٹ اومنی گروپ کے لکی، اےون انٹرنیشنل کے نام پر تھے، اعجاز ہارون آصف زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: نیب کی کارروائی، زمینوں کی جعل سازی میں ملوث چار گرفتار ملزمان کراچی منتقل
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو نے زمینوں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث سرکاری افسران کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا، گرفتار 2ملزمان کا تعلق واٹربورڈ اور 2 کا کے ڈی اے سے ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے اربوں روپے مالیت کی زمینیں جعل سازی سے الاٹ کیں، گرفتار افسران نے جعلی کاغذات بنا کر زمینیں لینڈ مافیا کو فروخت کیں۔