پیپلزپارٹی رہنماؤں نے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس پر جے آئی ٹی کی رپورٹ کی تیاری میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، یہ چیزیں پیپلزپارٹی کیلئے کوئی نئی نہیں ہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
سپریم کورٹ میں پیش کی جانے والی منی لانڈرنگ سے متعلق جے آئی ٹی کی رپورٹ پر پیپلزپارٹی کے رہنما چلا اٹھے، ان کا کہنا ہے کہ احتساب صرف اپوزیشن اراکین کے خلاف ہورہا ہے، ڈٹ کامقابلہ کریں گے اور مقدمہ بھی لڑیں گے۔
کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ملک میں سلیکٹو احتساب کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا، اپوزیشن کا صفایا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، چھبیس دسمبر کو ای سی سی کے اجلاس میں لائحہ عمل کا اعلان ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل آصف زرداری پر منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کاالزام لگایا گیا لیکن وہ بھی جھوٹا ثابت ہوا۔ اور بلاول بھٹو سے اس وقت کا حساب مانگا جارہا ہے جب وہ بالغ بھی نہیں تھے، اس پر احتجاج نہ کیا جائے تو اور کیا کیا جائے؟ ہم میدان نہیں چھوڑیں گے جیالے کارکنان حالات کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔