اسلام : جعلی اکاؤنٹ اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق آصف زرداری کے ایک اور ساتھی کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا تاہم امجد اخلاق نے نیب طلبی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹ اسکینڈل میں سابق آصف زرداری کے ایک اور ساتھی نیب کے نشانے پر آگئے ، زرداری ہاؤس اسلام آباد کے انتظامی امور دیکھنے والے امجد اخلاق کو نیب نے نوٹس جاری کردیا ہے۔
آصف زرداری کے ساتھی امجد اخلاق نے نیب طلبی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا اور ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست ہائی کورٹ میں دائر کردی ، امجد اخلاق نے فاروق ایچ نائیک کے توسط سے درخواست دائر کی۔
جس میں کہا ہے کہ 17 فروری کو جاری نیب نوٹس غیرقانونی ہے، کالعدم قرار دیا جائے جبکہ چیئرمین نیب ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اور تفتیشی افسر درخواست میں فریق ہیں۔
یاد رہے ایف آئی اے کی جانب سے کراچی میں مختلف بینکوں کے 160 جعلی اور مشتبہ اکاؤنٹس کاسراغ لگایا گیا تھا ، مذکورہ اکاؤنٹس سے ابتدائی طور پر 22ارب سے زائد کی ٹرانزیکشن پکڑی گئیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے پہلے مرحلے میں بینکوں سے ریکارڈ حاصل کرلیا گیا، جن اکاونٹ کا سراغ لگایا گیا وہ جعلی ناموں پر کھلوائے گئے تھے، بھیجی اور وصول رقم مزید جن اکاونٹس میں منتقل ہوئیں ان کی جانچ شروع کردی گئی ، جس اہم پیشرفت ممکن ہے۔۔