تازہ ترین

جعلی اکاؤنٹس کیس : آصف زرداری کا قریبی ساتھی برطانیہ فرار

اسلام آباد : سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی مشتاق دبئی سے برطانیہ فرار ہوگیا، مشتاق احمد ایان علی کی گرفتاری کے ایک ہفتے بعد ملک سے فرار ہوگیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی مشتاق دبئی سے برطانیہ فرار ہوگیا ، سابق سٹینو گرافر مشتاق کی گرفتاری کے لئے انٹر پول نے برطانیہ سے رابطہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے مشتاق احمد کے فرار ہونے کے بارے میں برطانیہ کی بارڈر ایجنسی کو آگاہ کر دیا گیا اور نیب نے مشتاق احمد کے پاسپورٹ منسوخی کے لئے وزارت داخلہ کو خط۔ بھی لکھ دیا۔

انٹر پول نے نیب کی درخواست پر مشتاق احمد ریڈ وارنٹ جاری کئے تھے، مشتاق احمد ایان علی کی گرفتاری کے ایک ہفتے بعد ملک سے فرار ہو گیا تھا۔

دوسری جانب دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نےجعلی اکاؤنٹس کیس میں نوڈیرو ہاؤس کے انچارج ندیم بھٹو کا مزید تین روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

نیب وکیل نےعدالت کوبتایا ندیم بھٹوملازم ہے لیکن یوٹیلٹی کنکشن اس کےنام پرہیں، یوٹیلٹی کنکشنز پر متعلقہ محکموں سے رپورٹ آنی ہے، یاسر سومرو نامی شخص رقم کا بندوبست کرتا تھا، یاسر شامل تفتیش نہیں ہوا، آصف زرداری سے رقم کا پوچھا، تو انھوں نے کہا معلوم نہیں رقم کہاں سے آئی۔

خیال رہے جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی جانب سے متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

مارچ میں جعلی اکاؤنٹس کیس نیب نے سیکریٹری کے ڈی اے آفتاب میمن کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا ، آفتاب میمن آصف زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔

یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف جاری 6 انکوئریز اور کیسز میں عبوری ضمانت منظور کرلی تھی، جن میں جعلی اکاﺅنٹس کیس، پارک لین کیس، مشکوک ٹرانزیکشن انکوائری، اوپل 225 انکوئری اور توشہ خانہ ویکل انکوئری سمیت دیگر شامل تھے۔

Comments

- Advertisement -