اسلام آباد : جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جےآئی ٹی نے پیشرفت پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، جس میں جے آئی ٹی سربراہ نے انکشاف کیا کہ مزید 33 اکاؤنٹس سامنے آئے جبکہ چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو جعلی بینک اکاؤنٹس پر آگاہ کیے بغیرکوئی حکم جاری کرنے سے بھی روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں جے آئی ٹی نے اب تک کی پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
چیف جسٹس نے کہا رپورٹ سے اب تک کی پوزیشن واضح ہورہی ہے
رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا تحقیقات میں مزید تینتیس اکاؤنٹ سامنے آئے ہیں، اکاؤنٹس کی اسکرونٹی ہورہی ہے، تین سو چونتیس لوگ رقوم کی منتقلی میں ملوث ہیں، جبکہ دو سو دس کمپنیاں مشکوک ملیں، سینتالیس کمپنیوں کا تعلق اومنی گروپ سے ہے جبکہ اومنی گروپ کی سولہ شوگر ملز بھی ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا ہم نے بڑے اعتماد سے آپ کو معاملے کی تحقیقات سونپی ہے، چوری وحرام کے مال کوکس طرح جائز بنانےکی کوشش کی گئی؟ رقوم تھوڑی نہیں بلکہ بہت زیادہ ہیں، کیا لانچوں کا کچھ پتا چلا ان کا بھی ذرا پتا کریں۔
جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا عارف صاحب کون ہیں اورکدھرہیں، یہ اومنی میں کیا کرتے ہیں، وہ کس ملک میں ہے؟ جس پرسربراہ جےآئی ٹی احسان صادق نے بتایا یہ وہاں اکاؤنٹنٹ تھے۔
احسان صادق نے کہا یہ بات ابھی نہ چھیڑی جائے، ،اومنی گروپ کے اکاؤننٹنٹ عارف بیرون ملک ہیں، مفرور ملزمان کے لیے انٹرپول سے رابطے کررہے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کیا یہ خود مالک ہیں یا کسی کے بے نامی دارہیں، مزیداکاؤنٹس میں رقوم کراس چیک سےآئیں یاکیش؟ جےآئی ٹی کے سربراہ احسان صادق نے بتایا کہ اکاؤنٹس میں دونوں طریقوں سے رقوم آئیں، ڈیٹا کے لیے ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک سے مدد لی۔
چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو جعلی بینک اکاؤنٹس پر آگاہ کیے بغیرکوئی حکم جاری کرنے سے روک دیا
جسٹس ثاقب نثار نے کہا سپریم کورٹ کے حکم کے بغیر خصوصی عدالت حکم نہیں دے سکتی، کیا ہم خصوصی عدالت کو ریگولیٹ نہیں کرسکتے؟
چیف جسٹس نے یہ ریمارکس بھی دئیے کہ کھابے کوئی کھائے اور خرچے سرکارکرے، اومنی والوں کوکہیں وہ کچھ پیسے جےآئی ٹی کوجمع کرائیں،کدھرہیں اومنی کےوکیل ؟ اکاؤنٹس منجمد ہیں تو کوئی گھر بیچ کر اخراجات کے لیے جے آئی ٹی کو پیسے دیں۔
وکیل اومنی گروپ نے بتایا کہ ابھی ملازمین کوتنخواہیں تک ادانہیں کرپا رہے۔
چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو جعلی بینک اکاؤنٹس پر آگاہ کیے بغیرکوئی حکم جاری کرنے سے بھی روک دیا۔
چیف جسٹس نے انور مجید،عبدالغنی مجید اورحسین لوائی سے متعلق سیمی جمالی سے مکالمے میں کہا آپ نے ملزمان کو اسپتال میں لٹایا ہوا ہے، جس پر سیمی جمالی نے جواب دیا 9 اور 10 محرم کومیڈیکل بورڈ والے آئے تھے، میڈیکل بورڈ نے ایک مریض کا چیک اپ کیا ہے۔
عدالت نے وزرات دفاع سے میڈیکل بورڈ پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت دس دن کے لیے ملتوی کردی۔